20 جولائی ، 2022
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 7 راولپنڈی کے ریٹرننگ آفیسر کو نتائج جاری کرنے سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پی ٹی آئی امیدوار کرنل ریٹائرڑ شبیر اعوان کی دائر پٹیشن پر فیصلہ سناتے ہوئے آر او رائے سلطان بھٹی کو حکم جاری کیا کہ حلقے کے نتائج جاری نہ کیے جائیں۔
عدالت نے پی ٹی آئی امیدوار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
پی پی 7 میں پی ٹی آئی کے امیدوار کرنل ریٹائرڈ شبیر اعوان نے دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کرنے کے آر او کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
یاد رہے کہ پی پی 7 راولپنڈی کے تمام 260 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق (ن) لیگ کے راجہ صغیر احمد 68906 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے محمد شبیر اعوان نے 68857 ووٹ حاصل کیے، اس طرح انہیں 49 ووٹوں سے شکست ہوئی۔
پی ٹی آئی امیدوار نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کیا اور دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی تھی جسے آر او نے مسترد کردیا تھا۔