22 جولائی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو کا انتخاب عوام کے براہ راست ووٹ سے ہونا چاہیے۔
ایک بیان میں فیصل جاوید نے کہا کہ آج ان شاءاللہ تحریک انصاف کا امیدوار وزیراعلیٰ پنجاب بنے گا لیکن ہمیں پھر بھی نظام کی بہتری کے لیے گریٹ ڈیبیٹ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ سے ڈائریکٹ چیف ایگزیکٹو کا انتخاب ہو کیونکہ عوامی نمائندے تو خریدے جاسکتے ہیں مگر یہ عظیم قوم نا غلام ہے اور نا ہی بکنے والی ہے، پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے چیف ایگزیکٹو کے بلواسطہ انتخاب کے نظام کو انتہائی غیرجمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس کو عوام نے ووٹ دیکر اسمبلی میں اکثریت دی وہی حقدار ہے، ضمیر فروشی اور لین دین سے عوام کے مینڈیٹ کی نفی کی جاتی ہے، ایسے نظام کو بدلنا ناگزیر ہے۔