26 جولائی ، 2022
بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کے خلاف ممبئی کی ایک این جی او نے ایف آئی آر درج کروانے کی درخواست دائر کی ہے۔
اداکار رنویر سنگھ نے کچھ دن قبل ایک میگزین کے لیے برہنہ فوٹو شوٹ کروایا جس کے بعد انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رنویر کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد اب پیر کے روز ممبئی پولیس میں این جی او کی جانب سے ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں ان کے خلاف 'خواتین کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے' کے الزام میں ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست کی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق درخواست چیمبور پولیس اسٹیشن میں ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کے عہدیدار نے جمع کرائی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اداکار کی تصاویر غیر اخلاقی ہیں جس نے لوگوں اور بالخصوص خواتین کے جذبات کو مجروح کیا، ان تصاویر سےخواتین کی عزت کی توہین کی گئی۔
شکایت کنندہ نے رنویر کے خلاف انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی۔
پولیس حکام نے اس درخواست کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فی الحال ایف آئی آر درج نہیں کی گئی اور اس معاملے پر تحقیقات جاری ہیں۔