26 جولائی ، 2022
اگر آپ میٹا کی زیرملکیت ایپ انسٹاگرام کو روزانہ استعمال کرتے ہیں تو حالیہ دنوں میں محسوس کیا ہوگا کہ ریلز ویڈیوز فیڈ پر بہت زیادہ نظر آرہی ہیں جبکہ آپ کی پوسٹس پر انگیج منٹ کم ہوگئی ہے۔
اسی طرح اگر یہ احساس بھی ہوا ہے کہ یہ پلیٹ فارم اب کچھ زیادہ ہی ٹک ٹاک جیسا نظر آرہا ہے تو آپ تنہا نہیں۔
انسٹاگرام پر سب سے فالو کی جانے والی خاتون کو بھی یہی محسوس ہوتا ہے۔
امریکی سوشل میڈیا اسٹار، بزنس ویمن اور ماڈل کائیلی جینر نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ایک اور صارف کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انسٹاگرام کو دوبارہ پہلے جیسی ایپ بنانے کا مطالبہ کیا۔
اس پوسٹ میں لکھا تھا 'انسٹاگرام کو پھر انسٹاگرام بنایا جائے، ٹک ٹاک جیسا بننے کی کوشش نہ کی جائے، ہم بس اپنے دوستوں کی اچھی تصاویر چاہتے ہیں۔
کائیلی جنر کی بہن کم کارڈیشین نے بھی یہی پوسٹ شیئر کی جسے لاکھوں افراد نے لائیک کیا۔
خیال رہے کہ میٹا کی جانب سے انسٹاگرام میں ریلز ویڈیوز کو بہت زیادہ نمایاں کیا جارہا ہے جو کہ ٹک ٹاک کی نقل پر مبنی فیچر ہے۔
حال ہی میں فل اسکرین ویڈیوز اور انسٹاگرام پر پوسٹ کی جانے والی تمام ویڈیوز کو ریلز میں بدلنے جیسی تبدیلیوں کے بعد معروف شخصیات کا یہ ردعمل سامنے آیا ہے۔
36 کروڑ فالوورز کے ساتھ کائیلی جینر انسٹاگرام پر کرسٹیانو رونالڈو کے بعد دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت ہیں۔
مگر ان کی رائے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔
2018 میں اسنیپ چیٹ کو ری ڈیزائن کیے جانے پر کائیلی جینر نے اس کے خلاف ایک ٹوئٹ کی تو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز کا نقصان ہوا۔