26 جولائی ، 2022
کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں دعا زہرا کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور دعا کے شوہر ظہیر احمد نے دعا زہرا کو عدالت میں پیش کرنے کی درخواست دائر کردی ہے۔
اس درخواست پر عدالت نے کل دعا زہرا کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے اور کیس کے تفتیشی افسر کو سخت ہدایات جاری کردیں ہیں۔
عدالت نے کہا کہ دعا زہرا کو چائلڈ پروٹیکشن افسر کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے، جب دعا زہرا کو پیش کیا جائے کسی کو بھی ملنے نہ دیا جائے ، دعا زہرا کی پیشی کے وقت فریقین کے وکلاء کےسوا کوئی نہ ہو۔
درخواست گزار ظہیر نے مؤقف اپنایا ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن افسر کو کسٹڈی ملنے پر 24 گھنٹوں میں عدالت میں پیش کرنا ہوتا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کا کہنا ہے کہ 24گھنٹوں میں بچی کو پیش کرنے کا مقصد اس کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔
دوسری جانب مدعی مقدمہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ جن دفعات کے تحت درخواست دائر کی گئی ہے ان کا اطلاق یہاں نہیں ہوتا، درخواست بد نیتی کی بناء پر دائر کی گئی ہے مسترد کی جائے ۔