26 جولائی ، 2022
گورنر پنجاب کی جانب سے حلف لینے سے انکار کے بعد چوہدری پرویز الہیٰ کی تقریب حلف برداری اب ایوان صدر اسلام آباد میں ہوگی۔
صدرِ مملکت عارف علوی کے حکم پر خصوصی طیارہ پرویز الہیٰ کو لینے لاہور روانہ ہوا ہے جو انہیں لے کر اسلام آباد پہنچے گا۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت عارف علوی ، چوہدری پرویز الہیٰ سے حلف لیں گے، پرویز الہیٰ کی تقریب حلف برداری ایوانِ صدر میں رات 2 بجے ہوگی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں پرویز الہیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی رولنگ کالعدم قراردے دی ہے۔
سپریم کورٹ نے پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دیا اور گورنر پنجاب کو آج رات ہی ساڑھے 11 بجے تک ان سے حلف لینے کا حکم دیا تھا لیکن تاہم گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے چوہدری پرویز الٰہی سے حلف لینے سے معذرت کرلی جس کے بعد اب صدر مملکت حلف لیں گے۔