دنیا
Time 27 جولائی ، 2022

استنبول : یوکرین سے اناج برآمدگی کے مشترکہ رابطہ مرکز کا افتتاح

شترکہ رابطہ مرکز میں فریقین کے نمائندگان پر مشتمل 20 رکنی ٹیم یوکرین کی 3 بندرگاہوں سے اناج کی ترسیل کی نگرانی کرے گی/ فوٹو: فائل
شترکہ رابطہ مرکز میں فریقین کے نمائندگان پر مشتمل 20 رکنی ٹیم یوکرین کی 3 بندرگاہوں سے اناج کی ترسیل کی نگرانی کرے گی/ فوٹو: فائل

یوکرین اناج برآمدگی معاہدے کے تحت یوکرینی بندرگاہوں سے اناج کی ترسیل کی نگرانی کے لیے استنبول میں مشترکہ رابطہ مرکز کا افتتاح ہو گیا۔

استنبول میں قائم ہونے والے اس مشترکہ رابطہ مرکز میں یوکرین، روس، اقوام متحدہ اور ترکیہ کےنمائندگان پر مشتمل 20 رکنی ٹیم یوکرین کی 3 بندرگاہوں سے اناج کی ترسیل کی نگرانی کرے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یوکرین اناج برآمدگی کی نگرانی کا یہ مرکز دنیا کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، اس رابطہ مرکز کا مقصد یوکرین کی 3 بندرگاہوں سے اناج کی محفوظ ترسیل کو  یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین کی بندرگاہوں پر 25 ملین ٹن سے زیادہ اناج ترسیل کے لیے تیار ہے۔

ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یوکرینی بندرگاہوں سے اناج کی پہلی شپمنٹ روانہ کرنے کی منصوبہ بندی اور تیاریاں جاری ہیں، امید ہے یہ رابطہ مرکز پائیدار امن کے لیے کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کا مقصد روس اور یوکرین کے درمیان فوری جنگ بندی، کشیدگی میں کمی اور انسانی امداد کی فراہمی ہے۔

خیال رہے کہ یوکرین اور روس کے درمیان یوکرینی اناج برآمدگی کا معاہدہ ترکیہ اور اقوام متحدہ کی ثالثی میں پچھلے ہفتے ہوا ہے۔

مزید خبریں :