28 جولائی ، 2022
پشاور میں بچیوں کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق پشاور سے ہے اور اس کی عمر 25 سے 30 سال کے درمیان ہے، ملزم کو گلبرگ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ بچیوں کے ساتھ میچ کر گیا ہے اور ملزم نے تینوں بچیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
گرفتار ملزم نے دو بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے حلیہ بدل کر بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزم نے 3 جولائی کو ریلوے کالونی میں 10 سال کی بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا تھا، 10 جولائی کو ملزم نے گلبرگ میں دوسری بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا اور 17 جولائی کو ملزم نے کالی باڑی میں تیسری بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا تھا۔