29 جولائی ، 2022
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش اور سیلابی صورتحال کے باعث مواصلاتی نظام ، انٹرنیٹ سروس اور موبائل فون سروس متاثر ہے۔
بلوچستان کےعلاقے حب اور گردونواح میں وقفے وقفے سے تیز اورہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، خضدار شہر اور ملحقہ علاقوں میں شدید بارش کے بعد مواصلاتی نظام معطل ہے جس کے باعث خضدار کا ملک کے دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
گزشتہ شام ہونے والی بارشوں سے ندیوں میں طغیانی ہے، کوشک ندی اور کھٹان ندی سے پانی کا بڑا ریلہ گزر رہا ہے، اونچے درجے کے سیلابی ریلے کے باعث آس پاس کی آبادی کو ندی سے دور منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہیں۔
خضدار میں کوشک پل پر دو طرفہ ٹریفک کو حفاظتی طور پر روک دیا گیا ہے جب کہ فیروز آباد اور ملحقہ علاقوں سے پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
نوشکی میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی ریلے سے پاکستان اور ایران کے درمیان ریلوے اور سڑک کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔