29 جولائی ، 2022
بالی وڈ اداکارائیں ودیا بالن اور عرفی جاوید رنویر سنگھ کے برہنہ فوٹو شوٹ کے معاملے پر ساتھی اداکار کے دفاع میں سامنے آگئیں۔
بھارت میں رنویر سنگھ پر برہنہ فوٹو شوٹ کے بعد بےحد تنقید کی جارہی ہے جب کہ ایک غیر سرکاری تنظیم نے اداکار کے خلاف خواتین کے جذبات مجروح کرنے کے الزام میں مقدمہ بھی درج کروادیا ہے۔
اداکار کی جانب سے تو تاحال اس فوٹو شوٹ کے بارے میں بات نہیں کی گئی تاہم بالی وڈ کی اداکارائیں ان کے حق میں بول پڑی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سےگفتگو میں ودیا بالن نے کہا کہ سمجھ نہیں آرہا ایک غیر سرکاری تنظیم کے کہنے پر رنویر سنگھ کے خلاف ایف آئی آر کیوں درج کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کیا ہے کہ پہلی بار کوئی آدمی ایسا کررہا ہے؟
رپورٹر کی جانب سے ایف آئی آر کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ جنہیں تصاویر سے مسئلہ ہے وہ نہ دیکھیں۔
دوسری جانب اپنے بولڈ ڈریس اپ سے مشہور بھارتی شوبز شخصیت عرفی جاوید نے رنویر سنگھ کے فوٹو شوٹ سے خود کو منسوب کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
عرفی جاوید نے کہا کہ لوگوں کو رنویر کو سپورٹ کرنا چاہیے لیکن اس معاملے میں مجھے نہ گھسیٹیں۔