دنیا
Time 29 جولائی ، 2022

سری لنکا کو نئے قرضے جاری کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں: ورلڈ بینک

اس وقت سری لنکا بنیادی معاشی ڈھانچے میں اصلاحات کے ساتھ بحران کے بنیادی اسباب، ملک میں غذائی اجناس، ایندھن اور ادویات کی قلت کو حل کرنے کے لیے معاشی استحکام پر توجہ مرکوز کرے: ورلڈ بینک — فوٹو: فائل
اس وقت سری لنکا بنیادی معاشی ڈھانچے میں اصلاحات کے ساتھ بحران کے بنیادی اسباب، ملک میں غذائی اجناس، ایندھن اور ادویات کی قلت کو حل کرنے کے لیے معاشی استحکام پر توجہ مرکوز کرے: ورلڈ بینک — فوٹو: فائل

ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ بدترین معاشی بحران کا شکار سری لنکا میں ورلڈ بینک کی جانب سے نئے قرضے جاری کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اپنے ایک بیان میں ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی جانب سے میکرو اکنامک فریم ورک میں اصلاحات تک ورلڈ بینک کا سری لنکا کے لیےنئے قرضے جاری کرنے کا  کوئی ارادہ نہیں ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت سری لنکا کے لیے ضروری ہے کہ وہ بنیادی معاشی ڈھانچے میں اصلاحات کرے اور بحران کا سبب بننے والے بنیادی مسائل زرمبادلہ ذخائر میں کمی، ملک میں غذائی اجناس، ایندھن اور ادویات کی قلت کو حل کرنے کے لیے معاشی استحکام پر توجہ مرکوز کرے۔

اپنے بیان میں ورلڈ بینک نے سری لنکا کی معاشی صورتحال کے عام لوگوں پر ہونے والے اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادویات، گھریلو گیس، فرٹیلائیزر، بچوں کے  کھانے کی اشیاء کی قلت اور غریب خاندانوں کی نقد امداد جیسے بنیادی مسائل کے حل کے لیے بینک کی جانب سے پہلے سے جاری قرضوں کے ذریعے دوبارہ وسائل فراہم کیے جا سکتے ہیں، اس حوالے سے منصوبوں پر عمل درآمد اور شفاف تقسیم کے طریقہ کار  پر سری لنکا کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ  سری لنکن صدر راجا پاکسے کے خلاف سخت عوامی احتجاج کے بعد  ملک میں ایمرجنسی کی صورتحال ہے، راجا پاکسے کے ملک سے فرار اور استعفیٰ کے بعد سابق وزیر اعظم رانیل وکرم سنگھے نے سری لنکا کے نئے صدر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔

مزید خبریں :