01 اگست ، 2022
پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف قرار داد منظور کرلی گئی۔
تیمور خان جھگڑا نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف قرارداد پیش کی جس میں کہا گيا ہے کہ شفاف انتخابات کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہونا چاہیے۔
قرارداد میں کے متن کے مطابق تحریک انصاف حکومت کو عالمی سازش کے تحت ہٹا دیا گیا۔
قرارداد پر پیپلزپارٹی کی رکن نگہت اورکزئی نے احتجاج کیا اور اپنی سیٹ سے اٹھ کر اسپیکر کے سامنے کھڑی ہوگئیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہاکہ قرارداد پاس کرنے کیلئے ہاؤس کو موقع دیا جائے، حکومت میں اپوزیشن کو سننے کی جرات نہیں۔
بعد ازاں حکومتی ارکان نے چیف الیکشن کمشنر کےخلاف قرار داد منظور کرلی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد منظور کی گئی تھی۔
اس پر ردعمل میں الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نہ پچھلی حکومت کے زیرِ اثر آیا نہ موجودہ حکومت کے زیرِ اثر ہوگا۔