اینڈرائیڈ صارفین ریکارڈ تعداد میں آئی فونز پر منتقل ہونے لگے

ایپل کی جانب سے یہ انکشاف کیا گیا / فائل فوٹو
ایپل کی جانب سے یہ انکشاف کیا گیا / فائل فوٹو

عالمی سطح پر معاشی بحران اور دیگر وجوہات کے باعث اسمارٹ فونز کی فروخت میں کمی آئی ہے۔

مگر حیرت انگیز طور پر اینڈرائیڈ صارفین کی جانب سے ایپل کے آئی فونز پر منتقل ہونے کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

اس وجہ سے اپریل سے جون 2022 کے دوران ایپل کی آمدنی 83 ارب ڈالرز رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے۔

ایپل کی سہ ماہی مالیاتی رپورٹ کو جاری کرتے ہوئے کمپنی کے سی ای او ٹم کک نے بتایا کہ اس سہ ماہی کے دوران ہم نے آمدنی اور آئی فون پر منتقل ہونے والے افراد کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

درحقیقت انہوں نے سوئچر کا لفظ استعمال کیا تھا اور یہ اصطلاح کمپنی کسی اور پلیٹ فارم سے آئی فون پر منتقل ہونے والوں کے لیے استعمال کرتی ہے۔

اب اینڈرائیڈ کے علاوہ کوئی اور پلیٹ فارم موجود نہیں تو اسی سے تعلق رکھنے والے آئی او ایس ڈیوائسز کو ترجیح دینے لگے ہیں۔

ایپل کے سی ایف او لوکا Maestri نے بتایا کہ حالیہ سہ ماہی کے دوران ریکارڈ تعداد میں سوئچرز نے آئی فونز کو خریدا۔

ٹم کک کے مطابق ہم ان خطوں میں بھی کاروبار کو توسیع دے رہے ہیں جہاں آئی فونز کا استعمال بہت کم ہوتا تھا، جیسے انڈونیشیا، ویت نام اور بھارت، جہاں آئی فونز کافی مقبول ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 جی اور صارفین کے لیے بہترین سروسز لوگوں کو آئی فونز کی جانب کھینچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے اہم چیز صارفین کو مطمئن رکھنا ہے اور اس میں کامیاب بھی رہے ہیں جبکہ 5 جی کے استعمال کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یقیناً دنیا کے مختلف حصوں میں اب بھی 5 جی کوریج موجود نہیں یا سست روی کا شکار ہے تو ہمارے خیال میں مستقبل میں حالات مزید بہتر ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :