02 اگست ، 2022
جمہوریت اور گورننس کے امور پر نظر رکھنے والی تنظیم پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کے صدر احمد بلال محبوب نےکہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فیصلہ پی ٹی آئی کے لیے اتنا ہی برا ہے کہ جتنا ہو سکتا تھا۔
ٹوئٹر پر ایک بیان میں احمد بلال محبوب کا کہنا تھا کہ نمبر ایک فیصلے نے تصدیق کی کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ لی، نمبردو غیر ملکی فنڈنگ ممنوعہ فنڈنگ میں شامل تھی اور اکاؤنٹس اسٹیٹمنٹ پر پارٹی چیئرمین کا بیان حلفی جھوٹا ہے۔
احمد بلال محبوب کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے سے اگلے مرحلےکی بنیاد بن گئی ہے۔
خیال رہےکہ الیکشن کمیشن نے 8 سال بعد پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنادیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ لی، ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پر پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کیوں نہ ان کے ممنوعہ فنڈز ضبط کیے جائیں، الیکشن کمیشن دفتر قانون کے مطابق باقی کارروائی بھی شروع کرے۔