دنیا
Time 03 اگست ، 2022

ایمن الظواہری کی ہلاکت، امریکا نے اپنے شہریوں کو خبردار کردیا

ایمن الظواہری کی ہلاکت کے بعد امریکی املاک اور اس کے شہریوں پر حملے ہوسکتے ہیں/ فائل فوٹو
 ایمن الظواہری کی ہلاکت کے بعد امریکی املاک اور اس کے شہریوں پر حملے ہوسکتے ہیں/ فائل فوٹو

امریکا نے ایمن الظواہری کی ہلاکت کے بعد اپنے شہریوں کو ممکنہ خطرے سے خبردار کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری کی امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ ایمن الظواہری کی ہلاکت کے بعد امریکی املاک اور اس کے شہریوں پر حملے ہوسکتے ہیں۔

محکمہ خارجہ نے کہا کہ ایمن الظواہری کی ہلاکت کے بعد امریکا مخالف جذبات بڑھ سکتے ہیں جس کے پیش نظر دنیا بھر میں موجود امریکی محتاط رہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق حالیہ اطلاعات یہ ظاہر کرتی ہیں کہ دہشتگرد تنظیمیں خطے سمیت دنیا بھر میں امریکی مفادات پر حملوں کی مسلسل منصوبہ بندی کررہی ہیں۔

محکمہ خارجہ کا کہنا ہےکہ اس طرح کے حملوں میں خودکش دھماکے، قتل، بم دھماکے، ہائی جیکنگ اور اغوا کی صورت میں ہوسکتے ہیں لہٰذا امریکی شہری غیر ملکی سفر کے دوران انتہائی محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے صورتحال سے مکمل باخبر رہیں۔

واضح رہے کہ ایمن الظواہری کو اتوار کے روز کابل میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کیا گیا۔

امریکی حکام کے مطابق ایمن الظواہری نائن الیون حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اور 71 سالہ مصری ڈاکٹر نے القاعدہ کی سربراہی اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد سنبھالی۔

ایمن الظواہری کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کی تصدیق امریکی صدر جوبائیڈن نے پیر کے روز کی۔

مزید خبریں :