دنیا
Time 04 اگست ، 2022

اسپین میں اے سی27 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رکھنے پر پابندی عائد

اس اقدام کا مقصد توانائی کی بچت کرنا ہے / فائل فوٹو
اس اقدام کا مقصد توانائی کی بچت کرنا ہے / فائل فوٹو

یورپ کو اس وقت شدید گرم موسم کا سامنا ہے مگر توانائی ذرائع کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث اسپین کی حکومت نے ائیر کنڈیشنر کے استعمال پر پابندیاں عائد کی ہیں۔

اسپین کی حکومت کی جانب سے حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس کا اطلاق آئندہ ہفتے سے ہوگا۔

اس حکم نامے کے تحت تمام عوامی مقامات پر ائیر کنڈیشنر کو 27 ڈگری یا اس سے زیادہ پر چلانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ توانائی کی بچت کی جاسکے۔

ان عوامی مقامات میں دفاتر، دکانیں، ریسٹورنٹس، تھیٹرز، ائیرپورٹس اور ٹرین اسٹیشنز شامل ہیں۔

گھروں پر تو اس کا اطلاق نہیں ہوگا مگر عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سردیوں میں ہیٹنگ کے لیے درجہ حرارت کو 19 ڈگری یا اس سے کم رکھیں۔

اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچر نے کہا کہ ملک کو توانائی بچانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے گزشتہ ہفتے دفتری ملازمین پر زور دیا تھا کہ وہ ٹائی کا استعمال نہ کریں تاکہ گرمی میں جسمانی درجہ حرارت مناسب رکھنا ممکن ہوسکے۔

یورپ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے روسی گیس پر انحصار کرتا ہے مگر اس کی سپلائی یوکرین تنازع کے بعد کم ہوچکی ہے۔

اسپین سے قبل یونان اور اٹلی نے جولائی میں توانائی کی بچت کے اقدامات کیے تھے اور عوامی مقامات پر ائیر کنڈیشنر کا درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

فرانس کی جانب سے بھی اسی طرح کے اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ دکانوں کو دروازے کھلے رکھنے 750 یورو جرمانے کی سزا دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔

جرمن شہر Hanover نے موبائل ائیر کنڈیشنر اور فین ہیٹر کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔

مزید خبریں :