لیڈی گاگا کے کتوں کو چوری کرنے اور ملازم کو گولی مارنے والے گروہ کے ایک فرد کو سزا ہوگئی

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

معروف امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کے 2 کتے چوری کرنے اور ملازم کو گولی مارنے والے گروہ کے ایک فرد کو 4 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق لیڈی گاگا کے 2 اعلیٰ نسل کے کتے چوری کرنے اور ملازم کو گولی مارنے  والے گروہ کے ایک فرد جیلن وائٹ نے  اپنا جرم قبول کرلیا جس کے بعد اسے 4 سال قید کی سزا دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق جیلن وائٹ نے اس گروپ کا حصہ ہونے کا اعتراف کیا جس نے فروری 2021 میں ایک واردات کے دوران لیڈی گاگا کے کتوں کوچوری کیا۔

جینیفر چوری شدہ کتے لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گئی تھیں جس کے بعد انہیں لیڈی گاگا کے حوالے کردیا گیا تھا۔—فوٹو: غیر ملکی میڈیا
جینیفر چوری شدہ کتے لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گئی تھیں جس کے بعد انہیں لیڈی گاگا کے حوالے کردیا گیا تھا۔—فوٹو: غیر ملکی میڈیا

 گزشتہ سال فروری میں لیڈی گاگا کا ملازم ان کے تین کتوں کو ٹہلانےکے لیے گھر سے باہر نکلا ہوا تھا کہ اس دوران 2 نامعلوم حملہ آوروں نے اس سے کتے چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر اس پر فائرنگ کردی، سینے پر 4 گولیاں لگنے پر ملازم شدید زخمی ہوگیا جبکہ حملہ آور 2 اعلیٰ نسل کے مہنگے کتے لے کر فرار ہوگئے تھے۔

بعد ازاں لاس اینجلس ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر نے اپریل 2021 میں اعلان کیا کہ اس جرم کے سلسلے میں 5 افراد پر فرد جرم عائد کی گئی۔

اس وقت  تین افراد جیلن وائٹ،جیمز جیکسن اور لافائیٹے وہلی  پر قتل کی کوشش، ڈکیتی کی سازش کا الزام لگایا گیا تھا۔

اس کے علاوہ دیگر 2 ملزمان ہیرولڈ نامی شخص پر اسلحہ رکھنے اور گولی چلانے  جبکہ ایک خاتون جینیفر پر چوری شدہ کتوں کو اپنے پاس رکھنے کا الزام تھا۔

بعد ازاں جینیفر چوری شدہ کتے لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گئی تھیں جس کے بعد انہیں لیڈی گاگا کے حوالے کردیا گیا تھا۔

 گزشتہ روز جیلن وائٹ پر صرف چوری کا جرم ثابت ہوا جس پر اسے 4 سال کی قید کی سزا دی گئی ہے۔ 

مزید خبریں :