Time 05 اگست ، 2022
پاکستان

کراچی پر مزید 2 سسٹم بارشیں لارہے ہیں: چیف میٹرولوجسٹ

ہفتے کو شروع ہونے والا نیا سلسلہ 9 اگست تک کہیں درمیانی کہیں تیز بارشوں کا باعث بنے گا : محکمہ موسمیات/ فائل فوٹو
ہفتے کو شروع ہونے والا نیا سلسلہ 9 اگست تک کہیں درمیانی کہیں تیز بارشوں کا باعث بنے گا : محکمہ موسمیات/ فائل فوٹو

 محکمہ موسمیات نے آج سے سندھ پر مون سون سسٹم اثر انداز ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات  کے مطابق اس دوران  کراچی پر ایک نہیں دو سسٹم مزید بارشیں لا رہے ہیں جس کے تحت ہفتے کو شروع ہونے والا نیا سلسلہ 9 اگست تک کہیں درمیانی اور کہیں تیز بارشوں کا باعث بنے گا ، پھر 11  سے 15 اگست تک دوبارہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

اس حوالے سے جیو نیوز  سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں کل سے ہلکی بارش کا امکان ہے  اور 7 اگست  کو  درمیانی بارش متوقع ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی میں کل 6 اگست سے شروع ہونے والا بارشوں کا نیا اسپیل  9 اگست تک  جاری رہے گا  جب کہ دوسرا اسپیل 10 اگست کی شام کو آئے گا،  پہلے اسپیل کے مقابلے دوسرا اسپیل خاصا طاقتور ہوگا جس دوران کبھی کبھی خاصی تیز بارش بھی متوقع ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ مشرقی سندھ میں تھرپارکر اور عمر کوٹ میں آج دوپہر یا شام   سے ہلکی بارش متوقع ہے جب کہ گزشتہ رات بھی تھر پارکر میں کسی کسی جگہ ہلکی بارش دیکھنے میں آئی۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ ٹھٹھہ، بدین، سجاول، عمر کوٹ اور تھرپارکر میں تیز بارشوں کا امکان ہے ۔

مزید خبریں :