ایلون مسک معاہدے سے بچنے کیلئے فرضی جواز بنارہے ہیں، ٹوئٹر

ٹوئٹر اور ایلون مسک کی عدالتی جنگ میں ایک اور نیا موڑ / رائٹرز فوٹو
ٹوئٹر اور ایلون مسک کی عدالتی جنگ میں ایک اور نیا موڑ / رائٹرز فوٹو

ٹوئٹر نے کہا ہے کہ 44 ارب ڈالرز کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کے لیے ایلون مسک کے جواز درست نہیں۔

ٹوئٹر کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے جواب کو عوام کے لیے جاری کردیا گیا ہے۔

ان دستاویزات میں ٹوئٹر کی جانب سے کہا گیا کہ ایلون مسک کی کہانی تصوراتی اور معاہدے سے بچنے کی کوشش ہے، کیونکہ حصص میں کمی کے باعث وہ اس معاہدے کو پرکشش تصور نہیں کرتے، جبکہ خود ان کی اپنی ذاتی دولت میں کمی آئی ہے۔

ٹوئٹر نے جولائی میں معاہدے کو مکمل کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، جس پر ایلون مسک نے جوابی مقدمہ دائر کیا، جس کی تفصیلات بھی 5 اگست کو جاری کی جا رہی ہیں۔

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر پر جعلی اور اسپام اکاؤنٹس کی تعداد کو جواز بناکر معاہدے پر عملدرآمد سے انکار کیا گیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا دعویٰ ہے کہ اسپام اکاؤنٹس کی تعداد 5 فیصد سے بھی کم ہے جبکہ ایلون مسک کا اصرار تھا کہ یہ تعداد بہت زیادہ ہے اور ٹوئٹر کی جانب سے تفصیلات کو چھپایا جارہا ہے۔

اب ٹوئٹر نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ ایلون مسک اس معاملے کو جواز بناکر جرمانے سے بچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ٹوئٹر کے مطابق ایلون مسک کے مقدمے میں فرضی کہانی کو بیان کیا گیا ہے، جو شواہد کے خلاف ہے۔

اس جواب میں مزید کہا گیا کہ ایلون مسک نے ٹوئٹر سے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے، ہم اس کی تردید کرتے ہیں کیونکہ ہم نے مطلوبہ تفصیلات انہیں فراہم کی تھیں۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل کے آخر میں ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان 44 ارب ڈالرز میں سوشل میڈیا کمپنی خریدنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔

مگر ٹوئٹر کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی کے بعد ایلون مسک نے کہا کہ وہ اس معاہدے پر پیشرفت اس وقت تک نہیں کرسکتے جب تک سوشل میڈیا کمپنی کی جانب سے اسپام اور فیک اکاؤنٹس کی تعداد کے بارے میں مزید تفصیلات ان کے حوالے نہیں کی جاتیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ جعلی اکاؤنٹس کی تعداد ٹوئٹر کے بزنس کی جانچ پڑتال کا حصہ ہے کیونکہ یہ کمپنی زیادہ تر آمدنی اشتہارات سے حاصل کرتی ہے۔

پھر ان کی جانب سے 8 جولائی کو یو ایس سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کے پاس جمع کروائی گئی دستاویزات میں کہا گیا کہ ٹوئٹر انتظامیہ جعلی اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہی اس لیے میں سوشل میڈیا کمپنی کو خریدنے کے اپنے معاہدے سے دستبردار ہورہا ہوں۔

اس کے بعد ٹوئٹر کی جانب سے ایلون مسک کے خلاف امریکی ریاست ڈیلاویئر کی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے اس کا ٹرائل جلد شروع کرنے کی درخواست کی گئی۔

ایلون مسک کی قانونی ٹیم کی جانب سے اس درخواست کی مخالفت کی گئی۔

مگر عدالت نے مقدمے کا ٹرائل اکتوبر میں شروع کرنے کا فیصلہ سنایا۔

مزید خبریں :