صدر پی ٹی آئی ٹرولرز کے زہریلے پروپیگنڈے کے باعث فوجی شہدا کے جنازوں میں نہ جاسکے: ذرائع

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے جنازوں میں شرکت کرنا چاہتے تھے لیکن  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ٹرولرز کے شہدا سے متعلق زہریلے، جھوٹے اور منفی پروپیگنڈے کے باعث شرکت نہ کرسکے۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ بطور سپریم کمانڈر اور سربراہ مملکت وہ شہید فوجی جوانوں کے جنازوں میں شرکت کیلئے جانا چاہتے ہیں مگر اداروں کی جانب سے صدر مملکت کو آگاہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی ٹرولرز کی جانب سے شہدا سے متعلق کیے گئے زہریلے، جھوٹے اور منفی پروپیگنڈے کے باعث شدید غم اور غصے کی لہر پائی جاتی ہے۔

صدر مملکت کو فیڈ بیک دیا گیا کہ بہتر ہو گا وہ شہدا کے جنازوں میں شرکت نہ کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔ 

صدر مملکت نے اس فیڈ بیک کے بعد شہدا کے جنازوں میں شرکت نہ کی۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر منفی مہم پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد منفی سوشل میڈیا مہم کے باعث شہدا کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی جس پر شہدا کے خاندانوں اور افواج پاکستان کےرینک اینڈ فائل میں شدید غم وغصہ اوراضطراب ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس مشکل اور تکلیف دہ وقت میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی لیکن کچھ بےحس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پرتکلیف دہ اورتوہین آمیز مہم جوئی کی گئی، یہ بے حس رویے ناقابل قبول اور شدید قابلِ مذمت ہیں۔

مزید خبریں :