Time 06 اگست ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی نے 9 حلقوں کیلئے الیکشن کمیشن کا انتخابی شیڈول چیلنج کر دیا

تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں انتخابی شیڈول کو معطل کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ فوٹو فائل
تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں انتخابی شیڈول کو معطل کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں کے لیے الیکشن کمیشن کا جاری کردہ انتخابی شیڈول عدالت میں چیلنج کر دیا۔

پی ٹی آئی نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں انتخابی شیڈول کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیر التوا ہے۔

پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے عدالت 4 اگست کو درخواست پر سماعت کرکے نوٹس جاری کر چکی ہے لہذا الیکشن کمیشن کا 5 اگست کو جاری کردہ شیڈول معطل کیا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان حلقوں میں 25 ستمبر کو الیکشن ہوں گے۔

مزید خبریں :