Time 06 اگست ، 2022
پاکستان

ممنوعہ فنڈنگ کیس: اسد قیصر نے ایف آئی اے نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کردی

تمام ریکارڈ موجود ہے، ایف آئی اے کے سامنے پیش کروں گا، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں: سابق اسپیکر قومی اسمبلی— فوٹو: فائل
تمام ریکارڈ موجود ہے، ایف آئی اے کے سامنے پیش کروں گا، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں: سابق اسپیکر قومی اسمبلی— فوٹو: فائل

صوابی: سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو  وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) پشاور کا نوٹس موصول ہوگیا۔

اسد قیصر نے ایف آئی اے کا نوٹس ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے پشاور کی جانب سے ابھی نوٹس ملا، تمام ریکارڈ موجود ہے، ایف آئی اے کے سامنے پیش کروں گا۔

اسدقیصر نے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں،سیاسی و قانونی محاذ پر بھرپور مقابلہ کروں گا، امپورٹڈ حکومت عمران خان کی مقبولیت سے خائف ہے، حکومت ریاستی اداروں کو اپنے سیاسی عزائم کیلئے استعمال کرنے سےگریز کرے۔

خیال رہے کہ ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کی انکوائری کے سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو طلب کیا ہے۔

ایف ائی اے پشاور کے انکوائری افسر کی جانب سے اسد قیصر کو 11 اگست کو ایف ائی اے خیبر پختوانخوا آفس میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

اسد قیصر کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے مطابق آپ کے دو بینک اکاؤنٹس ہیں، اسد قیصر 2 بینک اکاؤنٹس کھولنے اور انھیں چلانے سے منسلک ہیں لہٰذا انکوائری ٹیم کے سامنے ذاتی حیثیت میں حاضر ہوں اور بینک اکاؤنٹس کے بارے میں سوالات کے جواب دیں۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد ایف آئی اے نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور دفتری ملازمین سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزید خبریں :