Geo News
Geo News

Time 08 اگست ، 2022
پاکستان

ٹی ایل پی نے کارکنوں کو 13 اگست کو فیض آباد پہنچنے کی کال دیدی

ایک ماہ قبل پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت مانگی گئی لیکن اجازت نہیں دی گئی: سیکرٹری اطلاعات ٹی ایل پی۔ فوٹو فائل
ایک ماہ قبل پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت مانگی گئی لیکن اجازت نہیں دی گئی: سیکرٹری اطلاعات ٹی ایل پی۔ فوٹو فائل

راولپنڈی: تحریک لبیک پاکستان نے کارکنوں کو 13 اگست کو فیض آباد پہنچنے کی کال دے دی۔

سیکرٹری اطلاعات ٹی ایل پی محمد امجد رضوی کا کہنا ہے کہ ایک ماہ قبل پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مانگی گئی لیکن اجازت نہیں دی گئی، رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ سے پوچھنا چاہتے ہیں کیا ہم بھارت سے آئے ہیں؟ ہماری جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے، عمران خان کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت ہے تو ہمیں کیوں نہیں؟

محمد امجد رضوی نے کہا کہ نظریہ پاکستان مارچ اور کانفرنس کے لیے کارکنوں کو 13 اگست کو فیض آباد پہنچے کی کال دی جا چکی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نظریہ پاکستان کانفرنس میں سربراہ تحریک لبیک پاکستان علامہ سعد رضوی کا بھرپور طریقے سے استقبال کریں گے اور  ہمارے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔