08 اگست ، 2022
بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والی ہرزہ سرائی پر وفاقی وزارت داخلہ نے مشترکہ انکوائری ٹیم تشکیل دے دی، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مشترکہ انکوائری ٹیم میں آئی ایس آئی اور آئی بی کے افسران بھی شامل ہوں گے۔
مشترکہ انکوائری ٹیم کی سربراہی ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے محمد جعفر کریں گے۔
انکوائری ٹیم بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثےکے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والی ہرزہ سرائی کی تحقیقات کرےگی۔
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا، کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد ہیلی کاپٹرکا ملبہ موسیٰ گوٹھ سے ملا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جس کے باعث ہیلی کاپٹر میں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔
ہیلی کاپٹر حادثےکے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی جس کی پاک فوج نے شدید مذمت کی ہے۔