10 اگست ، 2022
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق زیادہ تر بینکوں کا ڈیٹا ایف آئی اے کو موصول ہوگیا، کچھ زونز میں بینکوں کا ڈیٹا آنا ہے، امید ہے وہ بھی جلد آجائےگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے بینک اکاؤنٹس میں غبن اوربے نامی اکاؤنٹس کی تحقیقات کرنےکی مجاز ہے، ایف آئی اے اور بینکنگ ایکٹ کی کئی دفعات موجود ہیں جبکہ کراچی میں بینکوں کے نمائندے ایف آئی اے میں پیش ہوگئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو طلبی کا نوٹس موصول نہیں ہوسکا جس پتے پر نوٹس بھیجا گیا وہاں سے بتایا گیا ہے کہ وہ اب وہاں نہیں رہتے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے تحقیقاتی ٹیم میں آپس میں عدم اعتماد کا شکار ہے اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالرؤف شیخ تحقیقات سےعملی طورپرالگ ہوگئے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ کی جانب سے میڈیا کو بتانے سے روک دیا گیا اور تحقیقاتی ٹیم سے انسپکٹر وٹو بھی تبدیل کردیے گئے اور اب انسپکٹر ثنا اللہ کو شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد ایف آئی اے حرکت میں آگئی ہے اور مختلف شہروں میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔