Time 10 اگست ، 2022
کھیل

فیفا ورلڈ کپ 2022 طے شدہ شیڈول سے ایک روز قبل شروع ہونے کا امکان

فیفا ورلڈ کپ 2022 طے شدہ شیڈول سے ایک روز قبل شروع ہونے کا امکان

قطر میں منعقد ہونے والا فیفا ورلڈ کپ 2022 اپنے طے شدہ شیڈول سے ممکنہ طور پر ایک روز قبل شروع ہوگا۔

فیفا ورلڈ کپ کا پہلا میچ میزبان قطر اور ایکواڈور کی ٹیموں کے درمیان بروز اتوار 20 نومبر کو ممکنہ طور پر طے شدہ شیڈول سے ایک روز قبل کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل ٹورنامنٹ کا پہلا میچ سینیگال اور نیدرلینڈ کے درمیان پیر کے روز 21 نومبر کو طے کیا گیا تھا تاہم فیفا گورننگ باڈی کے انتظامی معاملات کے سیکشن کی جانب سے  پہلا میچ قطر کو منتقل کرنے کا پرپوزل دیا گیا ہے۔

جنوبی امریکی کنفیڈریشن کی گزارش پر فیفا کی جانب سے  قطر اور ایکواڈور سے  بات چیت کی گئی کیوں کہ ٹورنامنٹ کی روایت رہی ہے کہ پہلا میچ میزبان ٹیم کی جانب سے کھیلا جاتا ہے۔

مذکورہ پرپوزل  حتمی منظوری کیلئے 6 فیڈریشنز اور فیفا صدر پر مشتمل بیورو آف فیفا کونسل کو ارسال کیا گیا ہے جہاں سے ممکنہ منظوری کے بعد نیا شیڈول لاگو ہو جائے گا۔

پرپوزل کی بیورو آف فیفا کونسل  سے منظوری کے بعد سینیگال اور نیدرلینڈ کے درمیان ہونے والا میچ پیر کے روز یعنی ٹورنامنٹ کے دوسرے روز کھیلا جائے گا اور چار کے بجائے صرف تین کھیل کھیلے جائیں گے۔

اس نئے شیڈول کا گروپ بی میں ایران کے میچ پر کوئی اثر نہیں ہوگا جبکہ یہ نیا شیڈول ویلز اور امریکا کے میچز پر بھی اثرانداز نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :