ایف آئی اے کو نجی بینکوں نے اسد قیصر کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کردیں

اسد قیصر کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے کل طلب کر رکھا ہے: ایف آئی اے— فوٹو: فائل
اسد قیصر کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے کل طلب کر رکھا ہے: ایف آئی اے— فوٹو: فائل

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو دو نجی بینکوں نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کردیں۔

ذرائع کے مطابق سابق اسپیکر اسد قیصر کے پشاور کے دو نجی بینکوں میں اکاؤنٹس ہیں اور ایف آئی اے نے دونوں نجی بینکوں سے اسد قیصر کی اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دو نجی بینکوں نے ایف آئی اے کو اسد قیصر کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کردیں، ان کے ایک بینک اکاؤنٹ میں 20 لاکھ جبکہ دوسرے میں 8 لاکھ روپے آئے۔

ذرائع نے بتایا کہ دونوں اکاؤنٹس 2008-2009 میں کھولے گئے تھے۔ 

خیال رہےکہ اسد قیصر کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نے کل طلب کر رکھا ہے اور حکام سابق اسپیکر سے ان اکاؤنٹس سے متعلق پوچھ گچھ کریں گے جبکہ اسد قیصر نے ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے آفتاب بٹ تحقیقاتی کمیٹی کےسربراہ ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد ایف آئی اے حرکت میں آگئی ہے اور مختلف شہروں میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کو طلب کر رکھا ہے۔

مزید خبریں :