پاکستان

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی واردات، سوشل میڈیا پر ’جائز ڈکیتی‘ کے عنوان سے وائرل

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی مختلف وارداتوں کے حوالے سے کافی لے دے ہوتی رہتی ہے اور  پولیس کو اکثر  پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

 تاہم ڈسٹرکٹ سینٹرل سے منسوب 8 سیکنڈز کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر’جائز ڈکیتی‘ کے عنوان سے وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرخ شرٹ پہنے ایک بچہ گلی میں جشن آزادی کی مناسبت سے تیز آواز  والا باجا بجاتے ہوئے جا رہا ہے اور اسی دوران سامنے سے آنے والے موٹر سائیکل سوار دو نوجوان بچے سے باجا چھین کر لے جاتے ہیں۔

بچہ اس اچانک کارروائی میں بوکھلا کر موٹر سائیکل سواروں سے بچنے کی کوشش کرتا ہے پھر اگلے ہی لمحے سنبھل کر موٹر سائیکل سواروں کے پیچھے بھاگنے لگتا ہے۔

یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ بچہ اپنا باجا واپس لینے میں کامیاب ہوا یا نہیں لیکن سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو شہریوں کو کافی تفریح فراہم کرنے کا سبب بن رہی ہے۔

واضح رہے کان پھاڑ دینے والے یہ باجے بچوں میں خاصے مقبول ہیں اور 14 اگست کے قریب آتے ہی گلی کوچوں میں تقریباً ہر بچے کے پاس یہ باجا موجود ہوتا ہے جس کی آواز کانوں پر انتہائی ناگوار گزرتی ہے، اکثر شہری اس عمل کو تکلیف دہ قرار دیتے ہیں اور اس باجے پر پابندی کا مطالبہ بھی کرتے رہے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر جب لوگوں نے اس باجے کے چھیننے جانے کی ویڈیو دیکھی تو اس پر خوشی کا اظہار کیا تاہم جیو نیوز اس قسم کے کسی بھی عمل کی حمایت نہیں کرتا اور بچے سے باجا چھیننے کو درست عمل قرار نہیں دیا جاسکتا۔

مزید خبریں :