11 اگست ، 2022
ریاستی اداروں کے سربراہوں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی آواز میچ کرانے کے لیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے فارنزک لیبارٹری سے رابطہ کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے موبائل فون کا فارنزک کرایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ شہباز گل کی آواز میچ کرنے کے لیے ایف آئی اے نے فارنزک لیبارٹری سے رابطہ بھی کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بنی گالہ اور نجی چینل کے پی ٹی سی ایل نمبرز کی سی ڈی آر نکلوائی جا رہی ہے، پوچھ گچھ جاری ہے کہ شہباز گل نے کس کی ایما پر بیان میڈیا میں دیا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو دو روز قبل بنی گالہ چوک سے گرفتار کیا گیا تھا، ان پر اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دینے اور ان کے سربراہوں کے خلاف بغاوت پر اکسانے سمیت 10 سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔
گزشتہ روز اسلام آباد کے ڈیوٹی مجسٹریٹ نے شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔