Time 11 اگست ، 2022
انٹرٹینمنٹ

بیوہ سے شادی کرنے کے سوال پر شہریار منور نے کیا جواب دیا؟

ڈرامہ سیریل صنفِ آہن میں شہریار نے اپنے شہید دوست کی بیوہ (اداکارہ سونیا مشال) سے شادی کی تھی/ اسکرین گریب
ڈرامہ سیریل صنفِ آہن میں شہریار نے اپنے شہید دوست کی بیوہ (اداکارہ سونیا مشال) سے شادی کی تھی/ اسکرین گریب

اداکار شہریار منور کا ڈرامہ سیریل 'صنفِ آہن' میں نبھایا گیا کردار 'میجر اسامہ' خوب مقبول ہوا اور  ناظرین نے شہریار کو وردی میں دیکھ کر پسندیدگی کا اظہار کیا۔

ڈرامے میں شہریار نے اپنے شہید دوست کی بیوہ (اداکارہ سونیا مشال) سے شادی کی تھی، اسی حوالے سے ویب شو کو دیے گئے انٹرویو میں اداکار سے سوال کیا گیا کہ کیا ہمارا معاشرہ ان سب چیزوں کی اجازت دیتا ہے، کیا وہ حقیقت میں ایسا کام کریں گے؟

شہریار منور نے کہا 'اس سوال کے دو جواب ہیں، ایک وہ جو میرے منہ سے لوگوں کو سننا اچھا لگے گا، لوگ اکثر وہ باتیں کرتے ہیں جس سے دوسرے متاثر ہوں، امیج مینجمنٹ انسان کی کمزوری ہوتی ہے'۔

اداکار نے کہا 'دوسرا جواب وہ ہوگا جو سچ ہوگا، میں نے اس بارے میں کافی سوچا، مجھے لگتا ہے مرد اور خواتین دونوں کے لیے یہ چیزیں اہم نہیں کہ کوئی بیوہ ہے یا کسی کی بیوی کا انتقال ہوچکا ہے، یہ عمر کا فرق، طلاق یافتہ وغیرہ، سب سے اہم ہے کیمسٹری میچ کرنا ہے'۔

شہریار کا کہنا تھا کہ 'آپ خوش ہیں یا نہیں یہ اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ہر صبح اٹھ کر آپ کو اس عورت کو دیکھنا ہوگا، جو لوگ باتیں بناتے ہیں انہیں نہیں دیکھنا ہوگا، لوگوں کو جو دور سے دیکھنے میں آئیڈیل لگ رہے ہوتے ہیں وہ درحقیقت نہیں ہوتے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں اگر کروں گا تو لوگوں کی فکر نہیں ہوگی مجھے، میرے لیے صرف فیملی اہم ہے، اسی لیے اگر آپ خوش ہیں تو پھر کچھ اہم نہیں'۔

شہریار نے کہا 'مسئلہ اس وقت ہوگا جس کسی طلاق یافتہ کے پہلے سے بچے ہوں، کیونکہ اس بارے میں سوچ چکا ہوں، یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے، آپ اس بچے کو اسی لیے محبت دیں گے کیونکہ آپ اس کی والدہ سے محبت کرتے ہوں گے'۔

انہوں نے کہا 'آپ اس عورت کو دکھانے کے لیے بچے کو محبت دیں گے، اس کے لیے ضروری ہے آپ مخلص ہوں'۔

مزید خبریں :