اسلام آباد پولیس نے شہباز گل پر تشدد کے الزامات کو مسترد کردیا

جسمانی ریمانڈکے دوران قانون کے مطابق تفتیش ہوتی ہے اور کسی قسم کا تشدد نہیں کیا جاتا جب کہ دوران تفتیش ملزم کے حقوق کا مکمل خیال رکھا گیا ہے: پولیس ترجمان/ فائل فوٹو
جسمانی ریمانڈکے دوران قانون کے مطابق تفتیش ہوتی ہے اور کسی قسم کا تشدد نہیں کیا جاتا جب کہ دوران تفتیش ملزم کے حقوق کا مکمل خیال رکھا گیا ہے: پولیس ترجمان/ فائل فوٹو

اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر تشدد کے الزامات کی تردید کردی۔

پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ شہبازگل کا عدالت کے حکم پر ڈاکٹرز کے بورڈ سے طبی معائنہ کروایاگیا اور ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق ان کے جسم پر تشدد کا کوئی نشان نہیں۔

 ترجمان  نے کہا کہ پولیس کی تفتیش تمام حالات و شواہد کو مدنظر رکھ کرکی جارہی ہے، جسمانی ریمانڈکے دوران قانون کے مطابق تفتیش ہوتی ہے اور کسی قسم کا تشدد نہیں کیا جاتا جب کہ دوران تفتیش ملزم کے حقوق کا مکمل خیال رکھا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید  کہا کہ تصاویر میں نظر آرہا ہے ملزم بالکل ہشاش بشاش اور جسمانی طور پر فٹ ہے لہٰذا ملزم پر تشدد سے متعلق ایک جھوٹا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ آج اسلام آباد کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران شہباز گل نے جج کے سامنے اپنی کمر دکھاتے ہوئے دعویٰ  کیا کہ ان کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی اپنے چیف آف اسٹاف پر مبینہ تشدد کی مذمت کی ہے۔


مزید خبریں :