بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، جانی و مالی نقصان کی نئی رپورٹ جاری

سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 182 ہو گئی ہے جبکہ صوبے میں اب تک 18087 مکانات کو نقصان پہنچا ہے: پی ڈی ایم اے۔ فوٹو فائل
سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 182 ہو گئی ہے جبکہ صوبے میں اب تک 18087 مکانات کو نقصان پہنچا ہے: پی ڈی ایم اے۔ فوٹو فائل

بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات کی نئی رپورٹ جاری کر دی گئی۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں جاری طوفانی بارشوں کے باعث مزید 6 اموات کی تصدیق کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 182 ہو گئی ہے جبکہ صوبے میں اب تک 18087 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لسبیلہ میں ایک اور 4 افراد جبکہ ژوب میں ایک بچی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ حالیہ بارشوں میں اب تک 75 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قلعہ سیف اللہ میں دولت زئی، اورکزئی اور اورگاز کے علاقوں میں 20 سے زائد مکانات منہدم ہو گئے جبکہ 40 خاندانوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں اب تک 18087 مکانات کو نقصان پہنچ چکا ہے جن میں سے 4702 مکمل جبکہ 13385 جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :