این اے 245: پیپلز پارٹی کے بعد جے یو آئی امیدوار بھی ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار

حکومتی اتحاد میں ایک فارمولا طے ہوا ہے، تمام پارٹیاں ہر حلقے میں جیتنے والی یا دوسرے نمبر پر آنےوالی جماعت کوسپورٹ کریں گی: رہنما جے یو آئی امین اللہ— فوٹو: سوشل میڈیا
حکومتی اتحاد میں ایک فارمولا طے ہوا ہے، تمام پارٹیاں ہر حلقے میں جیتنے والی یا دوسرے نمبر پر آنےوالی جماعت کوسپورٹ کریں گی: رہنما جے یو آئی امین اللہ— فوٹو: سوشل میڈیا 

کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں پیپلز پارٹی کے بعد جمعیت علمائے اسلام (جےیوآئی) کے امیدوار بھی ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہوگئے۔

آج  ایم کیوایم کا وفد جے یو آئی کے امیدوار امین اللہ کی رہائش گاہ پہنچا تھا جس میں خواجہ اظہار الحسن اور این اے 245 سے ایم کیوایم کے امیدوار معید انور شامل تھے۔

 ملاقات کے بعد جے یو آئی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ رہنما جے یو آئی امین اللہ نے کہا کہ حکومتی اتحاد میں ایک فارمولا طے ہوا ہے، تمام پارٹیاں ہر حلقے میں جیتنے والی یا دوسرے نمبر پر آنےوالی جماعت کوسپورٹ کریں گی، باقائدہ طور پر ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہورہا ہوں۔

رہنما جے یو آئی امین اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے کہنے پر سیٹ سے دستبردار ہورہا ہوں، 21 اگست کو این اے 245 کیلئے معید انور کو ووٹ دیں گے۔

اس موقع پر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام قیادت کا متفقہ فیصلہ تھا جس پرعمل کیا،مولانا فضل الرحمان کا بھی شکر گزار ہوں،یہ سیاسی دانش مندی کا تقاضہ ہے کہ ایک دوسرے سے نہ لڑیں، شہریوں کا فرض ہے ووٹ کے ذریعے مسائل کے خلاف آواز اٹھائیں،  وقت ثابت کررہا ہے کہ ایم کیوایم کا فیصلہ درست تھا۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ لاہور میں جو ہورہا ہے اگر کراچی میں ہوتا تو ردعمل الگ ہوتا ہے، اگر کوئی آئین کو توڑتا ہےتو اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی خواہش تھی کہ این اے 245 میں فاروق ستار امیدوار ہوں، فاروق ستار کی کچھ شرائط تھیں جس وجہ سے وہ نہیں آئے۔

خیال رہے کہ یہ نشست تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے رکن اسمبلی عامر لیاقت حسین کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔

اس حلقے میں پولنگ 21 اگست کو ہوگی۔ ایم کیو ایم نے پہلے آزاد حیثیت میں کھڑے ہونے والے فاروق ستار سے معاملات طے کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ناکام رہی۔

پی ڈی ایم میں شامل ہونے کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار ایم کیو ایم کے معید انور کے حق میں دستبردار ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :