13 اگست ، 2022
مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ کی پولیس اسٹیشن طلبی کے معاملے میں انکشاف ہوا ہےکہ مقدمہ سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری پر تھا تاہم پولیس نے ان کے بجائے عطاتارڑ کو طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب پر دوست مزاری پر حملےکا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کی جانب سے جاری نوٹس میں عطا تارڑ کو آج صبح 9 بجے طلب کیا گیا تھا، نوٹس طلبی میں کہا گیا کہ مقدمے میں شامل تفتیش ہوں۔
پولیس کی جانب سے عطا تارڑ کو بھیجے گئے نوٹس میں والد کا نام غلط لکھا گیا، نوٹس میں عطا تارڑ ولد محمد رفیق تارڑ لکھا گیا جب کہ سابق صدر پاکستان رفیق تارڑ، عطا تارڑ کے دادا تھے اور ان کے والد کا نام فاروق تارڑ ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری آج غلط پتے پر نوٹس وصول کرانے پہنچی، یہ ان کی پرانی رہائش گاہ تھی، پولیس نے دوبارہ ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملازم کو نوٹس وصول کرایا۔