بارش کے بعد کراچی کا کورنگی کاز وے پھر ڈوب گیا

آخری اطلاعات تک کاز وے پر 30 سے 40 موٹرسائیکلیں، رکشا اور فائربریگیڈ کی گاڑی پھنسی ہوئی ہے— فوٹو: پی پی آئی
آخری اطلاعات تک کاز وے پر 30 سے 40 موٹرسائیکلیں، رکشا اور فائربریگیڈ کی گاڑی پھنسی ہوئی ہے— فوٹو: پی پی آئی

گزشتہ شب کی بارش کے بعد کراچی کا کورنگی کاز وے پھر ڈوب گیا۔

مسلسل بارش نے کراچی کی مصروف گزر گاہ کورنگی کاز وے کو جان کا خطرہ بنادیا۔ پانی کا بہاؤ ایسا تیز ہے کہ چھوٹی گاڑیاں اور موٹر سائیکلوں کا گزرنا ممکن نہیں رہا، ذرا سی غلطی سواروں کو سیدھا ملیر ندی میں گراسکتی ہے۔

ہفتے کو موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کے ملیر ندی میں گرنے کی اطلاع ملی تھی لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ دونوں اپنی مدد آپ کے تحت بچنے میں کامیاب رہے۔

آخری اطلاعات تک کاز وے پر 30 سے 40 موٹرسائیکلیں، رکشا اور فائربریگیڈ کی گاڑی پھنسی ہوئی ہے۔

کاز وے پر ضلعی انتظامیہ اور ایدھی اہلکاروں سمیت دیگر اداروں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ اسنارکل سمیت بھاری مشینری بھی موقع پر موجود ہے اور اب تک 60 سے 70 افراد کو ریسکیو کیا جاچکا ہے۔

کاز وے کے اطراف پولیس اور لائف گارڈز بھی تعینات ہیں اور ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب نارتھ ناظم آباد کی ٹوٹی پھوٹی ابلتی سڑکوں پر گاڑیاں چلانا مصیبت بن گیا جہاں پانی اُتر گیا وہاں کیچڑ اور گندگی ہی گندگی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کل بھی بارش کی پیش گوئی کردی اور 16 اگست سے ایک اور مون سون سسٹم سندھ پر اثرانداز ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

اُدھر جناح اسپتال انتظامیہ کے مطابق دو روز میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 19 زخمی افراد اسپتال لائے گئے جن میں 4 افراد کرنٹ لگنے سے زخمی ہوئے۔

مزید خبریں :