پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کی سرگرمیاں بحال کرنے کیلئے کوششیں شروع کر دیں

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

پاکستان فٹبال فیڈریشن( پی ایف ایف) نے قومی مینز فٹبال ٹیم کیلئے اگلے ماہ انٹرنیشنل فرینڈلی میچز کرانے کیلئے مختلف ملکوں سے روابط شروع کردیے ہیں، اگر معاملات طے ہوگئے تو 2019 کے بعد پہلی مرتبہ قومی فٹبالرز اگلے ماہ انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔

پاکستان مینز فٹبال ٹیم نے 2019 میں آخری بار کمبوڈیا کے خلاف انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا جس کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن میں تنازعات اور پھر فیفا پابندیوں کی وجہ سے قومی فٹبالرز انٹرنیشنل ایکشن سے محروم رہے ۔

تاہم اب فیفا پابندی ختم ہوچکی اور پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی اپنا کام شروع کرچکی ہے اور اب اس نے ستمبر میں فیفا ونڈو کے دوران اسلام آباد میں پاکستان مینز فٹبال ٹیم کیلئے فرینڈلی میچز کرانے کیلئے مختف ملکوں سے رابطہ کیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق پی ایف ایف نے افغانستان، مالدیپ اور لاؤس کی فٹبال فیڈریشن سے رابطہ کیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کی تصدیق کے بعد پی ایف ایف پاکستان فٹبال ٹیم کے از سر نو انتخاب کیلئے ٹرائلز کرانے کا بھی ارادہ رکھتا ہے تاکہ پلیئرز کی فٹنس اور اسکلز کا لیول جانچا جاسکے ۔

اس سے قبل پاکستان فٹبال فیڈریشن نے پابندی ختم ہونے کے بعد خواتین کی سرگرمیاں بحال کرتے ہوئے ساف کپ میں انٹری کرادی تھی ، یہ ٹورنامٹ اگلے ماہ کھیلا جائے گا جس کی تیاریوں کیلئے ویمنز  ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے۔

مزید خبریں :