طیارے میں سفر کے دوران ائیرپلین موڈ استعمال نہ کیا جائے تو کیا ہوسکتا ہے؟

کیا آپ کو اس مقصد معلوم ہے / فائل فوٹو
کیا آپ کو اس مقصد معلوم ہے / فائل فوٹو

اسمارٹ فون تو اب متعدد افراد استعمال کرتے ہیں اور اس میں ائیر پلین یا فلائٹ موڈ بھی دیکھا ہوگا۔

مگر اس کا مقصد کیا ہے اور اگر طیاروں میں اس موڈ کا استعمال نہ کیا جائے تو کیا کوئی بڑا نقصان ہوسکتا ہے؟

اگر آپ فضائی سفر کرتے رہتے ہیں تو اکثر عملے کی یہ ہدایت سنی ہوگی کہ اپنے فونز کو ائیرپلین موڈ پر سوئچ کردیں۔

تو اس ہدایت کا مقصد کیا ہے اور فضائی کمپنیوں کی جانب سے یہ ہدایت کیوں کی جاتی ہے؟

ائیرپلین موڈ کیا ہے؟

ائیرپلین یا فلائٹ موڈ عارضی طور پر اسمارٹ فون کے سگنلز اور وائی فائی سگنلز کو معطل کردیتا ہے، البتہ باقی فنکشن کام کرتے رہتے ہیں۔

جب آپ ائیرپلین موڈ پر سوئچ کرتے ہیں تو فون ریڈیو سگنلز کو موصول نہیں کرتا جس کی مدد سے آپ ٹیکسٹ میسجز بھیجتے ہیں، کال کرتے ہیں یا آن لائن پیجز پر وزٹ کرتے ہیں۔

اس کی ضرورت کیوں ہوتی ہے؟

اس کی وجہ سادہ نہیں مگر آسان الفاظ میں کہا جائے تو ائیرپلین موڈ سے طیاروں کے حساس سسٹمز میں کسی بھی ممکنہ مداخلت کا امکان باقی نہیں رہتا۔

طیاروں میں کمیونیکیشن اور نیوی گیشن سسٹمز سطح سے خارج کی جانے والی ریڈیو فریکوئنسیز استعمال کرتے ہیں اور ریڈیو سگنل میں مداخلت کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔

اور جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ موبائل فونز اور ٹیبلیٹس میں اسی طرح کے سگنلز استعمال کیے جاتے ہیں۔

یہ سگنل طیاروں کی ٹرانسمیشن کو متاثر کرسکتے ہیں، بالخصوص اگر کوئی ایمرجنسی صورتحال ہو تو پائلٹ کو ائیر کنٹرول سے رابطے کے لیے واضح رابطے کی ضرورت ہوتی ہے، مگر فون کے سگنل سے وہ کمیونیکیشن متاثر ہوسکتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ پائلٹس کی جانب سے لوگوں پر ائیرپلین موڈ پر سوئچ کرنے کا کہا جاتا ہے بالخصوص طیارے کے ٹیک آف کرنے اور لینڈنگ کرنے سے قبل، تاکہ کوئی مسئلہ نہ ہوسکے۔

اگر ائیرپلین موڈ آن نہ کیا جائے تو پھر؟

اگر آپ پرواز کے دوران فون کو ائیرپلین موڈ پر سوئچ کرنا بھول جائیں یا جان بوجھ کر ایسا کریں تو کسی بڑے نقصان کا امکان تو نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔

مگر بدقسمتی سے کچھ غلط ہوجائے تو یہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے تو ایسا کرنے سے گریز کریں۔

پائلٹس کے مطابق پرواز کے دوران طیارے کی درست بلندی جاننے کے لیے ریڈیو آلٹی میٹر کو استعمال کیا جاتا ہے، بالخصوص ان علاقوں میں جہاں دھند، برفباری یا خراب موسم کی وجہ سے بہت کم نظر آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ریڈیو آلٹی میٹر کے فنکشن متاثر ہوں یعنی یہ درست طور پر معلوم نہ ہوسکے کہ طیارہ رن وے سے کتنی بلندی پر ہے تو اس کے نتائج تباہ کن ہوسکتے ہیں۔

کیا ائیرپلین موڈ سے بیٹری کی بچت ہوتی ہے؟

اگر آپ کو معلوم نہیں تو جان لیں کہ وائرلیس سگنلز فون کی بیٹری کو تیزی سے ختم کرتے ہیں، تو ائیرپلین موڈ سے بیٹری لائف بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔

ہر فون میں اس طریقہ کار سے بیٹری لائف کی بچت مختلف ہوسکتی ہے، مگر طیارے میں ائیرپلین موڈ کے استعمال سے نیچے اترنے کے بعد فون کچھ دیر تک چل ہی سکتا ہے۔

مزید خبریں :