وٹامن ڈی کا ایک اور بڑا فائدہ سامنے آگیا

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

وٹامن ڈی ہڈیوں اور جسم کے متعدد افعال کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے مگر اب معلوم ہوا کہ اس سے ڈپریشن کی شدت میں کمی لانا بھی ممکن ہے۔

یہ بات فن لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

ایسٹرن فن لینڈ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں دنیا بھر میں ہونے والی درجنوں تحقیقی رپورٹس کا گہرائی میں جاکر تجزیہ کیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ وٹامن ڈی سپلیمنٹس سے ڈپریشن کی علامات میں کمی لائی جاسکتی ہیں۔

ڈپریشن ایسا مرض ہے جو موجودہ عہد میں بہت عام ہوچکا ہے اور اس کے علاج کے لیے دی جانے والی ادویات اکثر مددگار ثابت نہیں ہوتیں۔

ایسا خیال کیا جاتا ہے کہ وٹامن ڈی مرکزی اعصابی نظام کے افعال کو ریگولیٹ کرتا ہے اور ان افعال کو ہی ڈپریشن سے منسلک کیا جاتا ہے۔

اس نئی تحقیق میں وٹامن ڈی سپلیمنٹس کے استعمال اور ڈپریشن کی شدت میں کمی کے درمیان تعلق کو دریافت کیا گیا۔

مجموعی طور پر ایسی 41 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا تھا جن میں ڈپریشن کی علامات کی شدت میں کمی لانے کے حوالے سے وٹامن ڈی کی افادیت کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

نتائج سے ثابت ہوا کہ وٹامن ڈی سپلیمنٹس ڈپریشن کی شدت میں کمی لانے کے لیے مؤثر ثابت ہوسکتے ہیں۔

محققین نے کہا کہ نتائج حوصلہ افزا ہیں اور ان کی بنیاد پر نئے کلینیکل ٹرائلز پر کام کیا جاسکتا ہے تاکہ ڈپریشن کے مریضوں کے علاج کے لیے وٹامن سپلیمنٹس کے کردار پر زیادہ روشنی ڈالی جاسکے۔

مزید خبریں :