دنیا
Time 16 اگست ، 2022

روس نے اپنے مجوزہ خلائی اسٹیشن کا ماڈل متعارف کرا دیا

یہ اسپیس اسٹیشن دیکھنے میں ایسا ہوگا / رائٹرز فوٹو
یہ اسپیس اسٹیشن دیکھنے میں ایسا ہوگا / رائٹرز فوٹو

روسی خلائی ادارے نے اپنے اسپیس اسٹیشن کے ماڈل کو پیش کیا ہے۔

اس ماڈل سے معلوم ہوتا ہے کہ روس کا تیار کردہ خلائی اسٹیشن دیکھنے میں کیسا ہوگا۔

اس سے عندیہ ملتا ہے کہ روس انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے علیحدہ ہونے کے لیے سنجیدہ ہے۔

روسی خلائی ادارے روس کوسموس نے اسپیس اسٹیشن کا ماڈل ماسکو کے قریب ہونے والی فوجی ۔ صنعتی نمائش کے دوران پیش کیا اور روسی میڈیا نے اسے Ross کا نام دیا ہے۔

روس کوسموس کے مطابق یہ نیا اسپیس اسٹیشن 2 مراحل میں لانچ کیا جائے گا مگر فی الحال کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

پہلے مرحلے میں اسپیس اسٹیشن کے 4 موڈیول کام کرنا شروع کریں گے اور دوسرے مرحلے میں مزید 2 موڈیول اور ایک سروس پلیٹ فارم کا اضافہ کیا جائے گا۔

اسپیس اسیشن کی تعمیر مکمل ہونے پر وہاں 4 خلاباز رہ سکیں گے۔

روس کے سرکاری میڈیا نے عندیہ دیا ہے کہ اسپیس اسٹیشن کی تعمیر کے پہلے مرحلے کا آغاز 2025 یا 2026 میں ہوسکتا ہے۔

روس کوسموس کے سربراہ یوری بوریسوف نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ روس 2024 کے بعد آئی ایس ایس کو چھوڑ دے گا اور اپنے خلائی اسٹیشن کی تیاری پر کام کرے گا۔

آئی ایس ایس کو 1998 میں لانچ کیا گیا تھا اور امریکی خلائی ادارہ ناسا 2030 تک آئی ایس ایس کو آپریٹ کرنا چاہتا ہے۔

 ناسا کا کہنا ہے کہ اب تک روس کی جانب سے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے علیحدگی کی باضابطہ تصدیق موصول نہیں ہوئی۔

مزید خبریں :