16 اگست ، 2022
روس اور ترکیہ نے ایس 400 میزائل سسٹم کی دوسری کھیپ کے معاہدہ پر دستخط کر دیے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی ایک خبر کے مطابق روس کی سرکاری نیوز ایجنسی نے اعلیٰ روسی فوجی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ روس اور ترکیہ کے درمیان ایس 400 میزائل سسٹم کی دوسری کھیپ کے معاہدے پر دستخط کیے جا چکے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق روسی اداری کی خبر شائع ہونے کے بعد ترک حکام کی جانب سے فوری طور پر نئے معاہدے کے حوالے سے خبروں کی تردید کی گئی ہے۔
ترک حکام کا کہنا ہے روس اور ترکیہ کے درمیان ایس 400 کی خریداری کے حوالے سے کوئی نیا معاہدہ نہیں کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ایس 400 دفاعی میزائل سسٹم کی دوسری کھیپ کی فراہمی پرانے معاہدے کے تحت ہی ہونی ہے، اس حوالے سے کوئی نیا معاہدہ نہیں کیا گیا ہے۔
ترک وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ دوسری کھیپ کی خریداری بھی اوریجنل پلان اور معاہدے کا حصہ ہے، اسی معاہدے پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے کسی نئے معاہدے پر دستخط نہیں کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ ترکیہ کی جانب سے 2020 میں روس سے ایس 400 میزائل سسٹم کی پہلی کھیپ خریدی گئی تھی جس پر امریکا کی جانب سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ترکیہ پر پابندیاں بھی عائد کی گئی تھیں تاہم ترکیہ نے 2.5 بلین ڈالر میں روس کا جدید ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم خریدا اور اپنی افواج کو تربیت کے لیے روس بھی روانہ کیا تھا۔
امریکی دفاعی حکام کی جانب سے روس کے ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم کو خطے میں نیٹو کے وسیع ائیرڈیفنس سسٹم کے مقابلے میں ناسازگار قرار دیا گیا تھا، وہ نہیں چاہتے تھے کہ ایف 35 طیارے ایس 400 سسٹم کے قریب ہوں کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ اس سے روسی ماہرین ایف 35 کی کمزوریاں جاننے کے قابل ہوجائیں گے۔