Time 16 اگست ، 2022
پاکستان

شہباز گِل کو چکی میں رکھنے کا معاملہ: ڈی آئی جی اورسپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عہدوں سے فارغ

دونوں افسران کو شہباز گل معاملے پر مجرمانہ خاموشی اور غیر قانونی کارروائی پر ہٹایا گیا: راجہ بشارت— فوٹو: فائل
دونوں افسران کو شہباز گل معاملے پر مجرمانہ خاموشی اور غیر قانونی کارروائی پر ہٹایا گیا: راجہ بشارت— فوٹو: فائل

پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما شہباز گل کے اڈیالہ جیل میں چکی میں رکھنے کے معاملے پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اورسپرنٹنڈنٹ جیل کو عہدوں سے ہٹادیا۔

وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر کا کہنا تھاکہ میرےعلم میں آیا ہے جیل میں پہلی رات شہباز گل کوغیر قانونی طورپرچکی میں رکھاگیا، ایساکسی بھی قیدی کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی اور سپرنٹنڈنٹ جیل کوہٹانے کیلئے مجازاتھارٹی کوسفارش کردی ہے۔

تاہم اب صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور راجہ بشارت نے ڈی آئی جی اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عہدوں سے ہٹانے کی تصدیق کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی اڈیالہ جیل راناعبدالرؤف اورسپرنٹنڈنٹ چوہدری اصغرگجر عہدوں سے ہٹادیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں افسران کو شہباز گل معاملے پر مجرمانہ خاموشی اور غیر قانونی کارروائی پر ہٹایا گیا۔

خیال رہے کہ اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں گرفتار عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔

مزید خبریں :