Time 16 اگست ، 2022
کھیل

نیدرلینڈز کیخلاف کامیابی: پاکستان کا ورلڈکپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا راستہ آسان

فوٹو:پی سی بی
فوٹو:پی سی بی

 نیدرلینڈز کے خلاف پہلے ون ڈے میں کامیابی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے ورلڈکپ 2023 میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا راستہ آسان ہوگیا۔

منگل کو پہلے ون ڈے میں نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دے کر قومی کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے ٹیبل پر 100 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ گئی۔

پاکستان اگر روٹرڈیم میں اس ہفتے نیدرلینڈز کے خلاف مزید دو میچ جیت جائے  تو وہ کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں 120 پوائنٹس کے ساتھ اگلے سال ہونے والے ورلڈکپ کیلئے ممکنہ طور پر کوالیفائی کرلے گا۔

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

نیدلینڈز کے خلاف سیریز میں 0-3 کی کامیابی کے بعد  پاکستان کی ورلڈکپ سے قبل ہونے والی نیوزی لینڈ اور افغانستان سے ون ڈے سیریز کے نتائج گرین شرٹس کے براہ راست ورلڈکپ کوالیفائی کرنے کے راستے میں دیوار نہیں بنیں گے۔ 

 ورلڈ کپ سپر لیگ میں ایک میچ جیتنے پر ٹیم کو 10 جبکہ برابر ہونے کی صورت میں 5 پوائنٹس ملتے ہیں، شکست کی صورت میں کوئی پوائنٹس نہیں دیا جاتا۔

واضح رہے کہ  آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کی ٹاپ 8 ٹیمیں اگلے برس بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کریں گی۔

باقی ٹیموں کو 5 ایسوسی ایٹ ٹیموں کے ساتھ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں کھیلنا ہوگا جس کی دو ٹاپ ٹیمیں   ورلڈ کپ میں حصہ لیں گی۔

یاد رہے کہ بھارت میزبان ہونے کی وجہ سے پہلے ہی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے۔ 

مزید خبریں :