17 اگست ، 2022
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز خان نے مون سون بارشوں کے زیادہ ہونے کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سرفراز نے کہا کہ رواں سال موسم گرماکا آغاز مارچ سے ہوا اور شدت زیادہ تھی، زائد گرمی بھی مون سون کی شدت کو بڑھا دیتی ہیں۔
انہوں نےکہا کہ حالیہ مون سون سسٹم شدت والا ہے، مون سون سسٹم کا 80 فیصد حصہ زمین سے گزرے گا، مون سون سسٹمز میں 60 فیصد حصہ سمندر اور 40 فیصد حصہ زمین پر ہونے کے باوجود تیز اسپیلز آئے، مون سون کا مرکز راجستھان اور مشرقی سندھ کے قریب ہے، سسٹم کا مرکز 8 سے 10 گھنٹے کے دوران سندھ پرآسکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق 3 سال کے دوران بحرالکاہل کادرجہ حرارت معمول سے کم رہ رہاہے، بحرالکاہل میں معمول سے کم درجہ حرارت میں لانینا فیز ایکٹو ہوتا ہے، لانینا کےدوران پاکستان، بھارت، بنگلا دیش،جنوب ایشیائی ممالک میں مون سون بارشیں اچھی ہوتی ہیں۔
سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ آج رات اور کل کے دن سندھ میں بارشوں کی شدت زیادہ ہوگی جس کے تحت کراچی ،حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین نواب شاہ، سانگھڑ، دادو اور جامشورو میں تیزبارش کا امکان ہے۔