17 اگست ، 2022
اسلام آباد: تحقیقاتی اداروں نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں تحقیقات کا دائرہ بیرون ملک تک وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات اب بیرون ملک بھی کی جائیں گی جس میں امریکا اور برطانیہ سمیت جن ممالک سے فنڈز آئے وہاں بھی تحقیقات کی جائیں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے بیرون ممالک کی تحقیقاتی ایجنسیوں سے بھی معاونت لے گی اور ان ممالک کی کمپنیز و شخصیات کی معلومات حاصل کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں امریکی ایجنسی ایف بی آئی سمیت برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور دیگراداروں سے مدد لی جائے گی۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہےکہ تحقیقات ابھی ریکارڈ اور اکاؤنٹس اکٹھے کرنے کے مرحلے میں ہیں جب کہ دوسر ے مرحلے میں معلومات کو یکجا کیا جائے گا۔