17 اگست ، 2022
کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ممنوعہ فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے مزید 5 رہنماؤں کو طلب کرلیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما الیکشن کمیشن سے چھپائےگئے بینک اکاؤنٹس آپریٹ کرنےکے الزام میں طلب کیےگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ فردوس شمیم نقوی اور سابق ایم پی اے ثمرعلی خان کو 19 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے پی ٹی آئی خواتین ونگ کی سابق رہنما اور فنانس سیکرٹری فرح ناز کو بھی نوٹس جاری کیا ہے، پی ٹی آئی خواتین ونگ کا اکاؤنٹ آپریٹ کرنے والی روشنا فہد بھی طلب کی گئی ہیں۔
ان کے علاوہ رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اےالیکشن کمیشن سے چھپائےگئے 16 بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات کر رہی ہے، یہ اکاؤنٹس 2009 سے 2013 تک آپریٹ کیےگئے۔
اس سے قبل سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سیما ضیاء کو بھی طلب کیا جاچکا ہے تاہم دونوں ہی ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے تھے۔