Time 17 اگست ، 2022
پاکستان

جیل انتظامیہ کی شہباز گل کو ڈی ایچ کیو اسپتال پنڈی منتقل کرنے کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل کو  اڈیالہ جیل کے میڈیکل افسر نے راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال منتقل کرنےکی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہبازگل کو جیل اسپتال کے ڈاکٹر کے چیک اپ کے بعد اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میڈیکل افسر جیل اسپتال کے مطابق شہبازگل کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔

شہبازگل کو ایمرجنسی کی صورت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کرنے اور اسپتال میں پولیس گارڈ بھی لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے شہبازگل کواسلام آبادپولیس کے حوالے کرنے سےانکار کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کو تیار نہیں اورامن و امان کی صورتحال پیدا کر رہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس شہبازگل کو لینے اڈیالہ جیل پہنچی، پمز اسپتال کی میڈیکل ٹیم بھی جیل کے باہر موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ہیلتھ پر شدید دباؤ ہے، شہباز گل کی جعلی میڈیکل ایمرجنسی اور راول پنڈی کے اسپتال میں منتقلی کیلئے دباؤ ڈالا۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس جیل خانہ جات کو شہبازگل کوایمرجنسی پیدا کرکے اسپتال منتقل کرنے کاحکم دیا تھا۔

انہوں نے حکم دیا کہ ایمرجنسی پیدا کرکے شہباز گل کو فوری راولپنڈی کے کسی سرکاری اسپتال بھیج دیں۔

اس سے قبل اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے کے خلاف نظر ثانی درخواست پر فیصلہ سنادیا اور پی ٹی آئی رہنما کو دو دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں :