Time 18 اگست ، 2022
پاکستان

سندھ: اگست میں 300 فیصد زائد بارشیں ریکارڈ، مزید بارشوں کی پیشگوئی

19 اگست کی رات یا 20 اگست کی صبح تک سندھ میں بارشوں کا امکان ہے۔ فائل فوٹو
19 اگست کی رات یا 20 اگست کی صبح تک سندھ میں بارشوں کا امکان ہے۔ فائل فوٹو

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق اگست کے 18 دنوں میں سندھ میں 300 فیصد سے زائد بارشیں ہوئیں جب کہ کراچی میں معمول سے  اوسطاً 150 ملی میٹر زائد بارشیں ہو  چکیں ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق اگست میں کراچی میں معمول کی اوسط بارش 65 ملی میٹر ہے لیکن اس بار شہر میں معمول کی اوسط سے 150 ملی میٹر  زائد بارشیں ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے علاقے گلشن حدید میں اگست کے 18 دنوں کے دوران 269 ملی میٹر  جب کہ گڈاپ میں 186 ملی میٹر  بارش ریکارڈ ہوئی۔

سردار سرفراز کے مطابق مون سون سسٹم مشرقی و  وسطی سندھ اور  راجستھان پر موجود ہے، بحیرہ عرب سے نمی کی صورت میں سسٹم کو سپورٹ بھی مل رہی ہے، آج دن بھر کراچی سمیت سندھ میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں چند مقامات پر کافی تیز بارش ہو سکتی ہے، 19 اگست کی رات یا 20 اگست کی صبح تک سندھ میں بارشوں کا امکان ہے، اگر سسٹم ایک جگہ رک گیا تو بارشوں کا سلسلہ مزید کچھ دن جاری رہ سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ نے مزید بتایا کہ بلوچستان کے جنوبی اور شمال مشرقی حصے سسٹم سے متاثر ہوں گے، 21 اگست تک سسٹم کے زیر اثر بلوچستان میں بھی بارشیں ہوں گی جب کہ سسٹم افغانستان کو بھی متاثر کرےگا جس سے 3 سے 4 روز تک افغانستان میں بھی تیز بارشیں ہوں گی۔

مزید خبریں :