Geo News
Geo News

Time 18 اگست ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

زمین کے 7 براعظم کیسے وجود میں آئے؟ سائنسدانوں نے جان لیا

ایک نئی تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو
ایک نئی تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

زمین پر اربوں انسان مختلف براعظموں میں آباد ہیں مگر یہ وسیع و عریض خطے وجود میں کیسے آئے؟

اس بارے میں عرصے سے سائنسدانوں کا خیال ہے کہ بڑے سیارچے یا شہاب ثاقب زمانہ قدیم میں زمین سے ٹکراتے رہے تھے جس سے براعظم وجود میں آئے۔

اب ایک نئی تحقیق میں اس خیال کی تائید کرتے ہوئے بتایا گیا کہ زمین پر براعظموں کا وجود کس طرح عمل میں آیا۔

آسٹریلیا کی Curtin یونیورسٹی کی تحقیق میں شواہد کے ساتھ براعظموں کی تشکیل کے بارے میں بتایا گیا۔

تحقیق کے مطابق زمانہ قدیم میں ہمارے نظام شمسی میں شہاب ثاقب ٹکرانا زیادہ عام تھا اور ممکنہ طور پر اسی کے نتیجے میں زمین پر براعظم وجود میں آئے۔

یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ زمین کے 7 براعظم ایشیا، افریقا، شمالی امریکا، جنوبی امریکا، یورپ، آسٹریلیا اور انٹار کٹیکا ہیں جبکہ 70 فیصد رقبے پر سمندر پھیلا ہوا ہے۔

ہمارے سیارے کی موجودہ جغرافیائی شکل ٹیکٹونک پلیٹس اور پرتوں کی سرگرمیوں کا نتیجہ ہے۔

محققین نے بتایا کہ ہم نے مغربی آسٹریلیا کے Pilbara Craton کی چٹانوں میں مائیکرو اسکوپک کرسٹلز کا تجزیہ کرنے پر 3 بڑے شہاب ثاقب ٹکرانے کے شواہد دریافت کیے جو زمین کی قدیم ترین پرت کے بارے میں بتاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ اربوں سال قبل بڑے شہاب ثاقب ٹکرانے کے نتیجے میں بتدریج زمین کی سطح پر براعظم ابھرے۔

اب یہ تحقیقی ٹیم دیگر خطوں میں پرانی چٹانوں کا جائزہ لے کر وہاں کے ڈیٹا کا موازنہ Pilbara Craton کے نمونوں سے کرے گی تاکہ نتائج کی مکمل تصدیق ہوسکے۔