20 اگست ، 2022
اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے شہباز گل پر تشدد کے معاملے کی تحقیقات کے لیے سیاسی رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مصطفیٰ نوازکھوکھر، سعد رفیق اور شیریں مزاری پر مشتمل تین رکنی پینل شہبازگل پرتشدد کی انکوائری کرے، یہ تین لوگ فیصلہ کرلیں تشدد ہوا یا نہیں ہوا تو یہ بہت بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی انکوائری پر کسی کو اعتبار نہیں ہوسکتا، اس لیے شہبازگل پرتشدد کے معاملے پر آزاد لوگوں کو انکوائری سونپیں، ہمیں کیسز سے کوئی مسئلہ نہیں مگر تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
فواد چوہدری کاکہنا تھا کہ شہباز گل کے معاملے پر ایڈیشنل جج پر کیا کیا پریشر نہیں آیا مگر وہ کھڑے رہے، اعلیٰ عدلیہ کو ماتحت عدلیہ سے سیکھنا چاہیے کہ کس طرح اسٹینڈ لیتے ہیں، اگر یہ اسٹینڈ نہیں لیں گے تو کون لے گا۔
یاد رہےکہ 2 دن قبل رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے شہبازگل پرجسمانی تشدد سے متعلق اپنے بیان میں کہا تھا کہ کسی شخص کی عزتِ نفس کو اس طرح پامال نہیں کیا جانا چاہیے، شہبازحکومت ملوث ہے یا ایسی بربریت کوروکنے میں بے بس! یہ ہمارے لیے شرم کی بات ہے۔
وفاقی وزیر سعد رفیق نے بھی سینیٹ میں اپنی تقریر کے دوران کہا تھا کہ پی ٹی آئی کا ایک بندہ جیل میں ہے، انہوں نے ایک لفظ نہیں بولا، جب کوئی جیل جائے تو بغلیں نہیں بجاتے، خوش بھی نہیں ہونا چاہیے، باری سب کی آنی ہے۔