شہباز گل پر مبینہ تشدد اور جنسی زیادتی، اسلام آباد پولیس کا مؤقف سامنے آگیا

اگر کسی بھی شخص کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ اسلام آباد پولیس کو فراہم کر سکتا ہے: پولیس۔ فوٹو فائل
اگر کسی بھی شخص کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ اسلام آباد پولیس کو فراہم کر سکتا ہے: پولیس۔ فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز  گل پر  تشدد اور  جنسی زیادتی کے معاملے پر اسلام آباد پولیس کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ شہباز گل پر ناصرف تشدد کیا گیا بلکہ ان پر تشدد میں جنسی زیادتی بھی شامل ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز گل پر تشدد ہوا اور نا ہی انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

اب اس معاملے پر اسلام آباد پولیس کا مؤقف بھی سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل پر تشدد اور جنسی زیادتی کے حوالے سے بعض افراد من گھڑت مہم چلا رہے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم پر تشدد سے متعلق ابتدائی رپورٹ پر کام شروع کر دیا ہے اور بیانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اگر کسی بھی شخص کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ اسلام آباد پولیس کو فراہم کر سکتا ہے، بصورت دیگر بطور ادارہ پولیس کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں :